پنجاب میں سٹیٹ آف دی آرٹ انٹر نیشنل ایکسپو سنٹر بنانے کا فیصلہ

 لاہور(نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعظم کے مشیربرائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے ملاقات کی جس میں پنجاب میں سٹیٹ آف دی آرٹ انٹرنیشنل ایکسپو سنٹر بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس ضمن میں متعلقہ محکموں کوفوری طور پر ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ ملاقات میں پنجاب میں کوآپریٹو ایگری کلچرل فارمنگ کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا جبکہ سٹیچنگ انڈسٹری کے لئے ملتان میں پلگ اینڈ پلے سنٹر قائم کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ کاٹن اور دیگر نقد آور فصلوں کے لئے کاشتکار کو مراعات دی جائیں گی- پنجاب کو کپاس کی پیداوار کے حوالے سے ماڈل خطہ بنایا جائے گا۔کپاس کی پیداوار میں اضافے سے ٹیکسٹائل انڈسٹری او ردیگر صنعتوں کو فروغ ملے گا۔زراعت اور صنعت کے فروغ کے لئے جو کچھ ممکن ہوا ضرور کریں گے۔ وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق داؤد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی پرفارمنس بہتر جا رہی ہے۔ حکومت پنجاب کے صنعت و تجارت کے فروغ کیلئے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ صوبائی وزیرخزانہ ہاشم جواں بخت،صوبائی وزیرصنعت میاں اسلم اقبال،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری انڈسٹریز،سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، چیف ایگزیکٹو آفیسرپنجاب بورڈآف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں محکمہ محنت کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ محنت کے زیراہتمام لاہور میں لیبر ٹاور بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے انڈسٹریل ورکرزکے لئے ہاسٹلزکے قیام کی تجویز کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشنز(PESSI) اور پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈز کو سمارٹ آرگنائزیشن بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ کامسٹ ڈیفنس لاہور میں محکمہ لیبر کی اراضی پر کیمپس قائم کرے گا۔ کامسٹ لیبر کیمپس میں 30 فیصد مزدوروں کے بچوں کو مفت تعلیم دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ محکمہ محنت کی 2ارب روپے مالیت کی اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کرائی ہے۔ شیخوپورہ اور کوٹ چھٹہ سمیت مختلف علاقوں سے مزدوروں کے 144 فلیٹ قبضہ مافیا سے واگزارکرائے ہیں۔ پنجاب میں ورکر کی کم ازکم اجرت 20ہزار روپے کر دی گئی ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے اڑھائی سال میں ورکر کی کم ازکم اجرت میں 5 ہزار روپے اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور اور مظفر گڑھ کے سوشل سیکورٹی ہسپتالوں میں عام آدمی کو بھی علاج معالجہ کی مفت سہولت فراہمی کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے لاہور میں لیبر کے لئے 720 فلیٹس کے پراجیکٹ کو جلد مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ چائلڈلیبر کے خاتمے کے لئے پائیدار اقدامات کئے جائیں۔ تونسہ، سرگودھا اور فیصل آباد میں سوشل سیکورٹی ہسپتال بنائے جا رہے ہیں۔ ملتان کے خواجہ فرید سوشل سیکورٹی ہسپتال میں مزدوروں کے لئے کارڈیالوجی شعبہ قائم کیا گیا ہے۔ سوشل سیکورٹی کارڈز کے لئے 98 فیصد ادائیگیاں آن لائن کی جا رہی ہیں۔ میرج گرانٹ ایک لاکھ سے بڑھا کر2 لاکھ روپے کی گئی ہے۔ ڈیتھ گرانٹ 5لاکھ روپے سے بڑھا کر6 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔ فیکٹریز کی رجسٹریشن کے لئے آن لائن فری سروس فراہم کی جا رہی ہے۔ اجلاس میں PESSI میڈیکل کالج اور نرسنگ سکول کے قیام کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری محنت نے محکمانہ کارکردگی اور ورکرز کو سہولتیں دینے کیلئے کئے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر محنت انصر مجید نیازی، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری محنت، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

Join The Discussion

Compare listings

Compare